فیاض بخاری
بارہمولہ // بارہمولہ اوڑی شاہرہ کے کئی اہم مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیرجمع ہونے سے ہر طرف بدبو پھیلی ہے،جس کی وجہ سے راہگیروں مسافروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں ۔ خان پورہ سے لیکر شیری تک اور دریائے جہلم کے کناروں پر غلاظت کے ڈھیرجمع ہوئے ہیں، جسے باضابطہ ڈمپنگ ائریا میں تبدیل کیا گیا ہے۔ مقامی لوگو ں کے مطابق میونسپل اہلکاروں نے اپنے گاڑیوں میں فضلے و گندگی کے انبار لاکر داناکھن موڈ پر بارہمولہ اوڑی شاہراہ اور دریائے جہلم کے کنارے چھوڑ دیا ہے ،جس کے نتیجے میں راہ گیروں اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو بدبو کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ، جبکہ خانپورہ علاقے میں بھی شاہراہ پر غلاظت کے ڈھیرجمع ہوئے ہیں ،اورعلاقہ ڈپنگ ائریا میں تبدیل کیا گیا ہے۔اس وجہ سے مذکورہ علاقوں میں مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے ۔ایکوپارک کھادنیار آنے والے سیاح اگر چہ یہاں پہنچ کر خوش ہواکرتے تھے ،لیکن آج حالت یہ ہے کہ ان مقامات پر یہاں پہنچ کر اپنی آنکھیں اور منہ بند کرتے ہیں جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ علاقے کی کیا حالت ہوگی۔لوگوں کو کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے ان شکا یات کو کئی بار انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران کی نوٹس میں لیا تھا ،لیکن اُنہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا۔ لوگوں نے گورنر انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر صفائی عمل میں لائیں بصورت دیگر انہیں احتجاج کرنا پڑیگا جس کی تمام تر ذمہ داری اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔