اننت ناگ //اننت ناگ کے بجبہارا میں کل اُس وقت صفہ ماتم بچھ گئی جب وہاں چاچا بھتیجوں کی آپسی لڑائی میں بیچ بچائو کرنے آئی چاچی ڈنڈے کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئی ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ محمد اکرم گنائی کو اپنے فوت شدہ بھائی کے بچوں کے ساتھ کسی بات پر تنازعہ چل رہا تھا اور یہ تنازعہ 9جولائی کو ہاتھا پائی تک پہنچ گیا ،چاچا بھتیجوں کی لڑائی دیکھ کر محمد اکرم کی بیوی محمودہ بیچ بچائو کرنے کی کوشش کرنے لگی تو اُس دوران اُس کے خاوند کے ساتھ ساتھ کئی ڈنڈے اُس کے سر پر بھی مارے گے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی ۔زخمی محمودہ کو علاج ومعالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ اور اُس کے بعد ضلع ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیاتاہم ڈاکٹروں نے اُسے سکمز صورہ منتقل کرنے کا مشورہ دیا جہاں وہ 2 دنوں تک کوما میں رہنے کے بعد بدھ کی شام دم توڑ بیٹھی ۔مذکورہ خاتون نزدیکی گائوں گنڈ چہل آرونی کی رہنے والی تھی اور اس کی شادی کئی سال قبل اکرم گنائی سے ہوئی تھی۔جونہی اُس کے مرنے کی خبر ،علاقے میں پہنچی تو لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچی اور انہوں نے لاش اُس کے میکے لیجانے کی کوشش کی اور قاتلوں کے خلاف احتجاج کیا ،بعد میں علاقے کے معززین کی مداخلت پر مقتولہ کو حسن پورہ میں ہی دفن کیا گیا ۔اس سلسلے میں بجبہاڑہ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 96/2017 درج کے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔علاقے میں قتل کے حوالے سے زبردست غم وغصہ پایا جارہا ہے ،بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ کے گھر میں اُس کے چار چھوٹے بچے ہیں .