کپوارہ//بلاک میڈیکل لنگیٹ میں تعینات ایک خاتون ہیلتھ ورکر نے 8مہینو ں کے دوران کورنا وائرس کے خلاف 27834ٹیکہ لگا کر ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اشپورہ قاضی آباد سے تعلق رکھنے والی فہمیدہ احسن جو محکمہ صحت میں 12سال قبل بحیثیت ہیلتھ ورکر تعینات ہوئی اور اس وقت بٹہ گنڈ لنگیٹ کے سب سنٹر میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ۔فہمیدہ احسن نے گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وائرس مخالف ٹیکہ لگانے میں انتھک محنت کی ۔محکمہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق فہمیدہ نے رواں سال دیگر ملازمین کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ٹیکہ کاری عمل میں لائی ۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کوروناوائرس مخالف ٹیکہ کاری کا عمل جب شروع کیا گیا تو لنگیٹ میں لوگو ں نے ان کی ٹیم پر حملہ کیا اور انجکشن لگانے سے انکار کیا ۔انہوں نے کہا ’’اس صورتحال کے باوجود ہم نے اپنا کام جاری رکھا اور لنگیٹ علاقہ میں لوگو ں کو آمادہ کر کے 90فی صد ٹیکہ کاری مکمل کی ‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانو ں نے ٹیکہ کاری کے عمل میں ان کی ٹیم کو بہت تعاون فراہم کیا ۔فہمیدہ نے کہا ’’ میری بیٹی کاداخلہ ایس ایس ایم کالج میں کرانے سے قبل میں نے وہا ں بھی 212افراد بشمول طلبہ کو کورونا مخالف ٹیکہ لگائے ‘‘۔
خاتون ہیلتھ ورکر کی شاندار کارکردگی | 8مہنیو ںمیں 27834کورونا مخالف ٹیکہ لگائے
