خانصاحب //خان صاحب بڈگام میں نومنتخب پنچوں اورسرپنچوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراور پی ڈی ایف کے چیئرمین حکیم محمدیاسین نے پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں سے سوال کیا کہ کیا پنچائتی انتخابات کا بائیکاٹ کرکے مرکزی سرکار نے اُن کے دفعہ35Aکے بارے میں ضمانت فراہم کرنے کے مطالبے کو پورا کیا ہے جو وہ اب اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے بے تاب ہورہے ہیں ۔حکیم محمدیاسین نے الزام لگایا کہ اِن سیاسی جماعتوں نے ایک بار پھر موقعہ پرستی کاکھلا مظاہرہ کیا ہے،حالانکہ مرکزی حکومت نے دفعہ35Aکے بارے میں ضمانت فراہم کرنے کی اُن کی مانگ کو یکسر نظرانداز کیا ہے۔پی ڈی ایف چیئرمین نے نومنتخب پنچوں اور سرپنچوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنچایتی ادارے دیہی علاقوں میں تعمیروترقی کو فروغ دینے کیلئے موثر تصور کئے جاتے ہیں ،مگر ریاست کی چند مخصوص موقعہ پرست جماعتوں نے اپنے حقیر مقاصد کیلئے پنچایتی انتخابات کابائیکاٹ کرکے پنچایتی راج اداروں کو ریاست میں پنپنے کا موقعہ نہیں دیا ،اور اب یہی جماعتیں ریاست میں اسمبلی انتخابات کرائے جانے کی مانگ کررہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی سیاسی جماعتوں کو مسترد کرکے آنے والے اسمبلی چنائو میں اس طرح شکست فاش دیکر مسترد کریں تاکہ کبھی پھر سے عوام کے سامنے آنے کی جرات نہ کرسکیں۔انہوںنے پنجوں اور سر پنجوں سے تلقین کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں عوامی توقعات کے مطابق خدمت کریں۔انہوںنے نومنتخب پنچوں اورسرپنچوں کو اپنی تنظیم کی طرف سے دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کے فروغ کے لئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
حکیم یاسین کا نیشنل اور پی ڈی پی سے سوال
