عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے کہا کہ وہ اور لداخ کے دیگر مظاہرین آج ہفتہ سے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے کیونکہ انہیں صدر، وزیر اعظم یا مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے مطالبے پر حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ وانگچک ایک ماہ قبل لیہہ سے شروع ہونے والی دہلی چلو پد یاترا کی قیادت کر رہے تھے۔ ایک پریس کانفرنس میںانہوںنے کہا کہ انہوں نے صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے دفتر کو خط لکھ کر ملاقات کی درخواست کی ہے اور انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ انہیں جمعہ کی شام 5 بجے تک میٹنگ کے بارے میں مطلع کر دیا جائے گا۔وانگچک نے کہا”ہمیں حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ اس لیے ہم غیر معینہ مدت کے لیے روزے پر بیٹھیں گے‘‘۔وانگچک نے کہا کہ انہوں نے حکام سے درخواست کی ہے کہ انہیں جنتر منتر میں انشن کے انعقاد کے لیے جگہ فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی تک کوئی تصدیق نہیں ملی ہے اور انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں احتجاج کے لیے جگہ فراہم کریں۔