سرینگر// حکومت نے تمام انتظامی محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ مالی سال2022-23 کے بجٹ تخمینوں کی تیاری کریں اور رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ تخمینے کا جائزہ لیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری اس سرکیولر میںتمام انتظامی محکموں کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ سال-23 2022 کیلئے بجٹ کی تیاری کی مشق کو صحیح طریقے سے شروع کریں تاکہ ان تخمینوں کی جانچ ، تجزیہ اور کنسالڈیشن کو انتظامی محکموں میں پیش رفت کیلئے محکمہ خزانہ کو پیش کیا جاسکے۔ فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) خزانہ اتل ڈلو کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ انتظامی محکمے تخمینہ جات کی مزید جانچ پڑتال کریں گے اور اپنی سفارشات 30 ستمبر 2021 کے بعد محکمہ خزانہ کو ارسال کریں گے۔‘‘ فائنانشل کمشنر نے مزید کہا ہے کہ مقررہ تاریخ تک پہنچنے کیلئے محکموں کے سربراہان اور’’ڈی ڈی ائوز‘‘ بجٹ کی تیاری بالترتیب10 اور15ستمبر تک مکمل کریں۔ جاری سرکیولر کے مطابق آمدنی میزانیہ( ریونیو بجٹ) اور کیپٹل بجٹ فارم تمام فیلڈ دفاتر کے ساتھ ساتھ انتظامی محکموں کو آن لائن بجٹ تخمینہ ، الاٹمنٹ اور مینجمنٹ سسٹم (بیم) کے ذریعے دستیاب کی جائے گی جبکہ پروجیکٹ وار بیان کے علاوہ فارم کی ہارڈ کاپیاں محکمہ خزانہ میں دی جائیں گی۔ سرکیولر کے مطابق اس سلسلے میں تکنیکی مدد’ این آئی سی‘‘ اور ریسورس پرسنز کی طرف سے ہر ضلع ٹریجری میں دستیاب ہوگی۔ تمام انتظامی سکریٹریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ ہر محکمہ کے سربراہ کے حوالے سے بجٹ کی تجاویز محکمہ خزانہ کو بھیجیں جبکہ مطلوبہ تاریخ کے مطابق محکموں کی بجٹ تجاویز پر بحث کے لیے کیلنڈر الگ سے جاری کیا جائے گا۔ فائنانشل کمشنر فائنانس کے مطابق’این آئی سی‘ ڈیٹا کے لیے تمام ضروری انتظامات کرے گی۔