پلوامہ//پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار اور بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے آج انڈیا انٹر نیشنل کشمیر زعفران ٹریڈنگ سنٹر دوسو پانپور کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈائریکٹر زراعت کشمیر نے مرکز کے کام کے بارے میں آگاہ کیا ۔ متعلقہ افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے آئی آئی کے ایس ٹی سی کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت وادی کے زعفرانی شعبے کو عالمی پلیٹ فارم پر فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر ممکن کوشش کی جائے تا کہ مرکز زعفران کے شعبے کی بحالی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکے ۔ دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ آئی آئی کے ایس ٹی سی میں ای نیلامی کی سہولت زعفران کے کاشتکاروں کو ایک سے زیادہ مارکیٹنگ پلیٹ فارم تک رسائی فراہم کرتی ہے جہاں کاشتکار اپنی پیداوار کیلئے زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کر سکتا ہے ۔ قبل ازیں ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے وادی میں زعفران کے شعبے کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کی تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر زراعت اِنپُٹس فاروق احمد شاہ ، جوائینٹ ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن شاہد اقبال شیخ ، جوائینٹ ڈائریکٹر فارمز سید وسیم احمد شاہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ایم یونس چودھری کے علاوہ محکمہ کے سینئر افسران اور ٹیکنیکل اس موقعہ پر موجود تھے ۔