بہت جلد عوام کی چنی ہوئی سرکار آئے گی: عمر عبداللہ
یو این آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس نائب صدراور نامزد وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کی شام کہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو بدھ کو حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ چونکہ جموں وکشمیر میں صدر راج نافذ العمل ہے لہٰذا پیر تک کارروائی مکمل ہونے کے بعد بدھ کو نئی حکومت اپنا کام کاج سنبھالے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے بخشی اسٹیڈیم میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بہت جلد عوام کی چنی ہوئی سرکار معروض وجود میں آئے گی۔ٹیکنالوجی کے اس دور میں نئی حکومت کے قیام میں وقت صرف ہونے کے بارے میں جب عمر عبداللہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک دفعہ فیکس کے ذریعے حکومت تشکیل دینے کی کوشش کی تو ٹیکنالوجی نے دھوکہ دیا۔انہوں نے کہاکہ نئی حکومت کی تشکیل کے لئے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد ناگزیر ہے کیونکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ چھ سالوں سے صدر راج نافذالعمل ہے جس کو ختم کرنے کی خاطر صدر ہند کو نوٹ بنانا ہوتا ہے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فائل کو راشٹریہ پتی بھون بھیجیں گے اور اس کے بعد یہ فائل وزارت داخلہ پہنچ جائے گی۔ان کے مطابق چونکہ ہفتے کو دسہرہ کی چھٹی تھی اور پھر اتوار ہے لہٰذا حلف برداری کی تقریب میں دو تین دنوں کی تاخیر ہو سکتی ہے۔عمر عبداللہ نے مزید بتایا کہ پیر تک کارروائی مکمل ہوگی اور اگر اللہ نے چاہا تو بدھوار کو حلف برداری کی تقریب عمل میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں مزید انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کرانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم بی سی سی آئی سے اپیل کریں گے کہ یہاں پر آئی پی ایل میچوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ سری نگر میں انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنمنٹ کا منعقد ہونا خوش آئند اقدام ہے اور شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد ان میچوں سے لطف اندوز ہورہی ہے۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ یہاں پر انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں آئی پی ایل میچوں کے انعقاد سے پہلے عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کھلاڑی یہاں پر آکر بہتر ماحول میں کرکٹ کھیل سکیں۔