سرینگر//کاروان اسلامی انٹرنیشنل کے امیر غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ موجودہ دور کے اندر زوالِ ملت اور انسانیت سوز اسباب کو تیار کر کے اسلام مخالف قوتیں ایک منصوبہ بند پروگرام کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ دارالعلوم حنفیہ گاندربل میں سالانہ خاتونِ جنتؓ کانفرنس سے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامی نے کہاکہ دینی اداروں اور مدرسوں کی خدمات چودہ سو سالہ تاریخ میں ناقابلِ فراموش ہیں دینی مدرسوں نے ہی قرونِ اولیٰ سے علماء، دانشور، سائنس دان اور دنیا میں نقوشِ انسانیت رقم کرنے والے روشن ضمیر انسانوں کو مہیاکیا ہے، جنہوں نے نہ صرف بلند اخلاق بلند سائنسی ایجادات کے ساتھ ساتھ فلاحِ انسانیت کے ناقابلِ تنسیخ کارنامے انجام دئیے ۔ انہوں نے کہا حضور ﷺ کی مکمل پیروی میں ہی دین و دنیا کی بھلائی کا راز مضمر ہے ،قرآن و سنت کو اولیاء کاملین نے اِس زمانے تک
پہنچانے میں اپنی ساری زندگی کو صرف کر کے امتِ اسلامیہ پر ایک عظیم احسان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزھرا رضی اللہ عنھا کی خدمات تعمیر اور فلاحِ انسانیت کے لئے مانندِ حیات ہے ، جنہوں نے ہر موڑ پر حضور ﷺ اور حضرتِ سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہ کا اپنے مقدور کے مطابق ساتھ دے کر دینِ حق کو سر بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں جہاں ہر طرف مسلمانانِ اسلام پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں اس کی فقط اتنی وجہ ہے کہ ہم نے دامانِ مصطفٰے ﷺ سے دوری اختیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروانِ اسلامی کے اہتمام سے جہاں 18سے زائد دارالعلوم اس وقت چل رہے ہیں وہیں پر دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کے خلا کو پُر کرنے کے لئے اسکولوں کا وسیع جال بھی بچھایا جارہا ہے تاکہ ملت کی آنے والی نسلیں دین و دنیا کے فوائد سے بہرہ مند ہو سکے ۔ کانفرنس کے موقعہ پر حافظ ظہو ر احمد، حافظ طارق احمد ، حافظ سجاد احمد ، حافظ مختار احمد ، حافظ اعجاز احمد کی دستاربندی ٔ حفظ علماء کرام اور مشائخ عظام کی موجودگی میں انجام دے دی گئی۔