سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کو ان کے یوم وصال پر گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کی نسبت سے ایک آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کئی علماء بشمول مولانا خورشید احمد قانونگو اوراعجاز حمد ککرو نے شرکت کی۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے اس کانفرنس کی صدارت کی۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ نبی اکرمؐ کی محبوب رفیقۂ حیات،پیکر علم وعمل اور زہد وتقویٰ سے سرشار تھیںجن کی پاک دامنی کی گواہی قرآن نے دی۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے کہا کہ قرآن و حدیث اور تاریخ کے اوراق ام المومنین حضرت عائشہؓکے فضائل سے بھرے پڑے ہیں ۔حضرت عائشہؓ نے عورتوں، مردوں میں اسلام اور اس کے احکام و قوانین، اخلاق و آداب کی تعلیم دینے میں پوری زندگی گزار کر اسلام کی بہت بڑی خدمات انجام دیں۔ مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہؓوہ خوش نصیب عورت تھیں جن کو نبیؐ کے لیے خود اللہ تعالیٰ نے منتخب فرمایا۔ اعجاز احمد ککرو نے کہا کہ سورہ نور کی تقریباًبیس آیات میں ان کی شانِ معصومیت ایسے بھرپور اور پْراثر و پرکشش انداز میں بیان کیا گیا ہے جس سے بہتر انداز میں آپ کی معصومیت کو بیان ہی نہیں کیا جاسکتاتھا۔انجمن مصباح الاسلام کے سربراہ مولانا مبارک حسین نعمانی نے کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہؓ کا شمار کثیرالروای صحابہ میں ہوتا ہے۔کانفرنس سے دیگر کئی علماء نے بھی خطاب کیا۔ ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معرکہ بدر اور عرس مبارک اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدر کے معرکے میں اللہ نے پیغمبر آخرالزمانؐکو جو بڑی کامیابی اور فتح و نصرت عطا کی وہ اسلامی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے۔اس دوران مولانا ہمدانی نے عرس مبارک سیدنا عائشہؓ کے موقعہ پر کہا کہ اللہ نے اُم المومنین حضرت عائشہ ؓ کو علم قرآن اور حدیث کی لافانی دولت سے نوازا تھا ۔ مولانا نے امت مسلمہ کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو حضرت عائشہ صدیقہؓ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔