حضرت شاہ ہمدانؒ کشمیریوں کے عظیم محسن

 سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیرمیرواعظ عمر فاروق، کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی اور حقانی میموریل ٹرسٹ کے سر پرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے عرس حضرت شاہ ہمدانؒ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے  عالم اسلام کے سرکردہ مصلح ، داعی دین اوراہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن ،سید السادات،سالار عجم، قطب ربانی حضرت امیر کبیر میرسید علی ہمدانی ؒ کے عرس پاک کے موقعہ پرحضرت شاہ ہمدانؒ کی گرانقدر دینی ، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اپنے ایک خصوصی پیغام میں حضرت شاہ ہمدانؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ومحبت پیش کیا ہے۔ میرواعظ نے حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت ، معرفت ، صداقت،امانت،د یانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق ومربی قرار دیا جنہوں نے ختلان ایران سے کشمیر کا غیر معمولی مشقت اور جدوجہد کے بعد سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف عملاً دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیر ؒکی ربانی آواز پر لبیک کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی ایمانی قوت اور اعلیٰ روحانیت کا کرشمہ اور اعجاز تھا کہ انکے صرف 3تبلیغی دوروں کے نتیجے میں پوری وادی کشمیر میں ہمیشہ کیلئے ایمان ،اسلام اور اخلاق کی بہار یںآگئیں اور کشمیر کی تاریخ ہی نہیں بلکہ تقدیر بھی ہمیشہ کیلئے بدل کر رہ گئی اور تاریخ تو بدلی جاتی ہے لیکن تقدیر نہیں بدلی جاسکتی۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت امیر کبیرؒ ایک سرکردہ داعی دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم مبلغ اور صاحب قلم مصنف تھے جنہوں نے اصلاح ممالک و معاشرہ کیلئے سینکڑوں کتابیں تصنیف کیں جن میں ’’ذخیرۃ الملوک‘‘ جس پر مجھے ریسرچ اور تحقیق کرنے کا بھی موقعہ ملا ہے اور اہل کشمیر کیلئے خصوصی تحفہ ’’اوراد فتحیہ‘‘ ہے جو توحید کا ایک گنجینہ ہے۔ادھر  ناگام چاڑورہ اور ایچھ گام بڈگام میں کاروانِ اسلامی کے اہتمام سے منعقد ہ کانفرنسوں میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ صدیاں گزرنے کے بعد بھی محسن کشمیر حضرت سیدنا امیر کبیر میر سید علی ہمدانی ؒ کے روحانی ، علمی ، عرفانی ، فنی اور ثقافتی خدمات کے نقوش نہ صرف وادی کشمیر میں نمایاں ہیں بلکہ دُنیا کے کونے کونے میں کشمیر اور کشمیری تمدن ، تہذیب ، صنعت و حرفت کو متعارف کراتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حضرت امیر کبیر ؒ کے احسان مند ہیں جہاں انہوں نے اسلام کے نور سے ہمارے قلوب و اذہان کو منور فرمایا وہیں غربت اور مفلسی میں ظلم زدہ قوم کی مکمل تقدیر سازی کر کے ایک نئے گلشنِ انسانیت کو تعمیر کر کے تاریخ رقم کی ۔مولانا حامی نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حضرت امیر کبیر ؒ کے دئیے ہوئے مشن کو اپنا حقیقی شعار بنا کر عقائد صحیحہ اور منہج سلف صالحین پر عمل پیرا ہوکر حضرت شاہ ہمدانؒ کے احسان مند ہونے کا عملی ثبوت پیش کریں۔اس دوران سید حمید اللہ حقانی نے کہا ہے کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی ؒنے ریاست میں پر امن طور پر کشمیر یوں کو اسلام کی عظیم نعمت سے سرفراز کیا جس کیلئے ہم ہمیشہ ان کے احسان مند رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت شاہ ہمدان ؒ کو بہترین خراج عقیدت پیش کرنے کا طریقہ یہی ہے کہ انکی سیرت کو مشعل راہ بنایا جائے۔دریں اثناء علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے حضرت میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس مبارک پر کشمیری عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حضرت شاہ ہمدان ؒکی گراں قدر دعوتی تبلیغی روحانی تہذیب و تمدن و ثقافت کے نوازشات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔مولانا اخضر حسین نے کہاکہ عرس مبارک کا مدعا و مقصد یہی ہے کہ ہم حضرت شاہ ہمدانؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہوںاوریہی حضرت شاہ ہمدانؒکے تئیں والہانہ عقیدت کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ چودہویں صدی عیسوی کے عظیم مبلغ اسلام، معمار تقدیر امم اور سالار عجم میر سید علی ہمدانیؒکی شخصیت اور ان کے زریں داعیانہ کارنامے کئی صدیاں گزرنے کے باوجود کشمیری قوم اور امت مسلمہ کے ذہنوں میں تروتازہ ہیں۔
 

ڈاکٹر فاروق کا فرزندان توحید کو مبارکباد 

 سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس مبارک پر ریاست کے لوگوں خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے مشن، علمی اور روحانی کمالات ، انمول اور لافانی ملی کوششوں ، تبلیغ دین واشاعت اسلام کی بدولت ہی ریاست کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے منور ہوا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے طفیل ہی ریاست کے لوگ دستکاری اور صنعت و حرفت سے روشناس ہوئے،اِس طرح اسلام کے عظیم نعمت کے ساتھ ساتھ یہاں کے ہرفرقہ کے لوگ روزی روٹی کمانے کے اہل بن گئے۔ انہوںنے کہاکہ حضرت امیر کبیرؒ نے بغیر کسی زور وجبر تبلیغ اسلام اور اسلام کی تعلیم کو پھیلایا جو تاریخ اسلام کا ایک سنہری باب ہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے احسانات اہل کشمیر پر تاقیامت رہیںگے اور حضرت شاہ ہمدانؒ کی تعلیم پوری عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگراور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حضرت امیر ہمدانؒ نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے۔