حزب کا اولین کمیونیکیشن سربراہ

سرینگر//حزب المجاہدین نے اپنے پہلے کمیونیکیشن چیف امتیاز احمد پرے ساکن ژیرہار بیروہ کو اُن کی 21ویں برسی پرخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کے مشن کو تکمیل تک پہنچانے کا عزم دہرایا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق حزب المجاہدین کی کمانڈ کونسل کا ایک اجلاس سید صلاح الدین احمد کی سربراہی میں منعقد ہوا۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے پہلے کمیونیکیشن چیف امتیاز احمد پرے کو اُن کی اعلیٰ اور خداداد صلاحیتوں پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حزب سربراہ نے کہا کہ کمانڈرامتیاز نے اسلام آباد اور کپواڑہ کے پہاڑوں اور گھنے جنگلوں سے لیکر کشتواڑ اور ڈوڈہ تک ایک مختصر اور قلیل مدت میں کمیونیکیشن کے ذریعے عسکریت پسندوں کو ایک دوسرے کے ساتھ باہمی روابط مربوط کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔صلاح الدین نے کہا کہ امتیاز احمد ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تھے جنہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے M.Scباٹونی کی ڈگری حاصل کی تھی لیکن آزادی کی تڑپ نے انہیں نوکری سے بیزار کیا اور ہزاروں فرزندانِ وطن کی طرح انہوں نے بھی اپنی جان اسلام کی سربلندی اور آزادی کے حصول کے لئے قربان کی۔ حزب سربراہ نے حال ہی میں کھنموہ سرینگر میں معرکہ آرائی میںجاں بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سفاکیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دونوں جنگجوئوںکی میتیں مسخ کی گئی تھیں۔اجلاس سے حزب کے نائب سربراہ سیف اللہ خالد نے بھی خطاب کیا اور امتیاز احمد اور کھنموہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوںکو خراج عقیدت پیش کیا۔