مظفرآباد//حزب المجاہدین کے اہتمام سے 5جنوری 1949کی مناسبت سے مظفرآباد میں برستی بارشوں کے باوجود ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی میں شامل شرکاء نے سلامتی کونسل سے استصواب رائے کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔موصولہ بیان کے مطابق 5جنوری 1949 کی قراردادوں پر عملدرآمد کے مطالبے کو لے کرمنعقد کی گئی اس ریلی میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مہاجرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ ریلی میں حزب المجاہدین کے مرکزی کمانڈرطاہر اعجاز، جماعت اسلامی کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن، پاسبان حریت کے چیئر مین عزیراحمد غزالی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے وائیس چیئرمین مشتاق الاسلام، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر،ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف، نمائندہ بلال احمد فاروقی،قاضی شاہد حمید ایڈوکیٹ،محمد اعظم غازی، عثمان علی ہاشم اور دیگرلیڈران نے خطاب کیا۔ اس موقع پر حزب کمانڈر طاہر اعجازنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5جنوری 1949کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کے بنیادی حق کوتسلیم کرتے ہوئے یہ تاریخی قرارداد منظور کی تھی کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ریاست جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا اہتمام کیا جائے گا، لیکن بھارت ان قراردادوں کے منافی جموں کشمیر پر ایک جنگ مسلط کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عساکر بھارت سے آزادی تک جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عزیراحمدغزالی نے کہا کے 5 جنوری 1949کو جموں کشمیر کے عوام کے حق میں پاس شدہ استصواب رائے کی قرارداد پر عملدرآمد نہ ہونا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی ناکامی ہے۔ ریلی سے مشتاق الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے وادی میں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں پر افسوس کا اظہار کیا اورعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کیا جائے۔مقررین کی تقاریر کے بعد شرکاء نے کے جی سکول سے مرکزی ایوان صحافت تک ریلی کا انعقاد کیا جس میں بھارت مخالف نعرے لگائے فضا نعروں سے گونج رہی تھی۔