مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت بلنوئی میں عوام کو بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ پنچایت صفرلائن کے قریب آباد ہے تاہم اس جدید دور میں بھی حکام کی جانب سے لوگوں کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کیلئے ایک 8کلو میٹر لمبی سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے ایک پلان 3ماہ قبل مرتب کیا گیا لیکن اس کے بعد مذکورہ پلان کے سلسلہ میں کسی کو کوئی جانکاری نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو کئی کلو میٹر تک کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کے سلسلہ میں 3واٹر سپلائی سکیمیں تعمیر کی گئی ہیں لیکن اس سکیموں میں سے 2سکیمیں گزشتہ کئی عرصہ سے مکمل بند پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گائوں کی بڑی آبادی کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ پنچایت میں صرف ایک واٹر سپلائی سکیم چل رہی ہے جس کی وجہ سے سبھی کنبوں کو مناسب پانی نہیں مل پارہا ہے تاہم دیگر واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں کوئی بھی بنکر اس وقت تک قابل استعمال نہیں بن سکا جبکہ بنکروں کی تعمیر کی ادائیگیاں بھی نہیں کی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ پنچایت میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔