سرینگر//حج2018 کے سلسلے میں معقول انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو خصوصی ہدایات دیں۔صوبائی کمشنر کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے دوران ضلع سطح پر حج انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تمام ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران وادی سے8414عازمین سفر محمود کے لئے روانہ ہوں گے۔جب کہ لیہہ اور کرگل سے 125عازمین کی روانگی ہوگی۔میٹنگ میں یہ جانکاری دی گئی کہ جولائی 14سے جولائی25تک سرینگر ہوائی اڈے سے سعودی عربیہ تک روزانہ چار اڑانیں ہوں گی جن میں ہر روز820عازمین حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ریاست کے عازمین کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات کاجائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے حج ہائوس بمنہ میںبجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے پی ڈی ڈی کو جنریٹر سیٹس نصب کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے حج ہائوس بمنہ سرینگر میں پینے کے محفوظ پانی ،صفائی ستھرائی اور طبی کیمپ کی سہولیت دستیاب رکھنے پر بھی زوردیا۔جب کہ عازمین کے لئے بسوں کا معقول انتظامات کرنے کے لئے بھی احکامات صادر کئے گئے۔صوبائی کمشنر نے تمام متعلقہ آفیسران کو حج 2018کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں آئی جی ٹریفک کشمیر بسنت رتھ،چیف انجینئر پی ایچ ای،ڈائریکٹر ائر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا،ایس ایس پی انٹی ہائی چیکنگ ،جی ایم جے کے ایس آر ٹی سی،ڈائریکٹر فلوریکلچر ،جی ایم جے کے بنک،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سیم،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم اورڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔