سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان اورانسپکٹر جنرل پولیس کشمیر ایس پی پانی نے حج ہائوس بمنہ کا دورہ کرکے عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔ صوبائی کمشنرنے پورے حج ہائوس اور اس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔انہوںنے ایس ایم سی کو حج ہائوس اوراس کے گردونواح میں روزانہ بنیادوں پر صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے کی ہدایت دی۔جبکہ آر اینڈ بی کو دودنوں کے اندر اندر میکڈم بچھانے کا کام مکمل کرنے اور اس حوالے سے ترقیاتی کمشنر سرینگرکو رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے۔صوبائی کمشنر نے بجلی،پانی اورطبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت دی تاکہ عازمین کو کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ عازمین حج کا پہلا قافلہ 4جولائی کو سفر محمود پر روانہ ہورہا ہے اور عازمین کی روانگی29جولائی تک جاری رہے گی۔صوبائی کمشنر نے عازمین کو اُڑان کے وقت کی روانگی سے 4گھنٹے پہلے حج ہائوس بمنہ پہنچنے کی ہدایت دی ہے ۔صوبائی کمشنر نے عازمین کی سہولیات کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی کے ہمراہ ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر وی کے بردی ، ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل اورضلع کے دوسرے سینئرافسران بھی موجود رہے۔ اس موقع پر سیکورٹی ، ٹریفک اور دوسرے محکموں سے وابستہ افسران نے کئے جارہے اقدامات سے آئی جی کشمیر کو روشناس کیا۔ آئی جی کشمیر نے مختلف محکموں کے افسران کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سفر محمود پر جانے والے عازمین کوتمام تر سہولیات بہم رکھیں جائیں تاکہ اُنہیں کسی قسم کی دقتوں کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے اور حاجی صاحبان خوشگوار طریقے سے بہ احسن خوبی اپنا سفر جاری رکھ پائیں۔
ڈی سی بڈگام کا سرینگر ہوائی اڈے کا دورہ
بڈگام//ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کادورہ کرکے یہاں سے4جولائی کو عازمین کی روانگی کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔انہوںنے ہوائی اڈے پر عازمین کے لئے صفائی ستھرائی ،پینے کے پانی،طبی سہولیات،ٹرانسپورٹ اور رضاکارانہ خدمات کی فراہمی کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔دورے کے دوران ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ڈائریکٹر ائرپورٹ اتھارٹی سرینگر آکاش دیپ ماتھر،ایس ایس پی انٹی ہائی چیکنگ اور دیگر آفیسران بھی تھے۔
بانڈی پورہ میں عازمین کو سفری دستاویزات فراہم
بانڈی پورہ //عازم جان// اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمدمیر نے ضلع کے عازمین کو سفری دستاویزات سونپے۔اس موقعہ پر انہوںنے عازمین کے ساتھ بات چیت کی اورکامیاب سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اے ڈی سی نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ریاست کے پائیدار امن اور خوشحالی کے لئے دُعاکریں۔اُدھر ضلع انتظامیہ نے ضلع کے اُن عازمین،جنہوںنے اب تک سفری دستاویزات حاصل نہیں کئے ہیںسے اپیل کی ہے کہ وہ بدھوار کو منی سیکریٹریٹ سے سفری دستاویزات حاصل کریں۔