حج کمیٹی آف انڈیا کی تشکیل نو پرسپریم کورٹ میں دائرعرضی کی سماعت 9مئی کو

یو این آئی
نئی دہلی/یو این آئی/ سپریم کورٹ کے حکومت کو چار ہفتے کے اندر حج کمیٹی آف انڈیا کی تشکیل نو کی ہدایت کے بعداس سلسلے میں سپریم کورٹ میں دائرعرضی کی سماعت کل یعنی 9 مئی کو ہوگی۔ جس میں تشکیل نو کی سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ عرضی گزار حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق ممبر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے مفاد عامہ کی عرضی حج کے سلسلے میں اکتوبر 2021 ء  میں جو دائر کی گئی تھی اس کی کئی بار سماعت ہوچکی ہے۔ جس کی  اگلی سماعت کل نو مئی کو ہوگی۔ واضح رہے کہ ریلیز میں دعوی کیا گیا ہے کہ  سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد مرکزی وزارت اقلیتی فلاح وبہبود نے ادھوری کمیٹی بنائی اور علما کے کوٹے میں عبداللہ کٹی کو نامزد کیا جبکہ عبداللہ کٹی کوئی مفتی اور عالم نہیں ہیں اور مرکزی حکومت نے حج ایکٹ اور روایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  22 اپریل کو صرف 8 ممبران جو ووٹ دینے کے حق دار تھے ان کی موجود گی میں چیئر مین اور وائس چیئر مین کا انتخاب کروادیا جو پوری طرح غیر منصفانہ اور غیر قانونی تھا جبکہ دو لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ اور 8 منتخب ممبران کی غیر موجود گی میں یہ عمل کیاگیا۔