ایجنسیز
نئی دہلی //ابو قتال، لشکر طیبہ کا ایک اہم کمانڈر اور 2023 کے راجوری اور 2024 کے ریاسی بس حملے میں ملوث انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں میں سے ایک، میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان میںساتھی سمیت مارا گیا ہے۔فیصل ندیم عرف ابو قتال کو مبینہ طور پر ہفتے کی رات نامعلوم حملہ آوروں نے پنجاب میں جہلم شہر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی ، جس میں اسکا ساتھنی بھی مارا گیا اور ڈرائیور زخمی ہوا۔وہ حافظ سعید کا بھتیجا بھی تھا۔قتال جموں و کشمیر میں کئی مہلک حملوں کی منصوبہ بندی میں اپنے کردار کی وجہ سے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) اور ہندوستانی فوج سمیت دیگرسیکورٹی ایجنسیوں کے لئے ایک اعلی ترجیحی ہدف رہا ہے۔ حافظ سعید کے قریبی ساتھی نے 9 جون 2024 کو جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں ہندو زائرین کو لے جانے والی بس پر حملے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ 2023 کے راجوری حملے میں بھی گہرا ملوث تھا، جہاں دہشت گردوں نے یکم جنوری کو دھانگری گائوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اگلے دن ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔این آئی اے کی تحقیقات میں اس کا نام نمایاں طور پر شامل کیا گیا تھا، جس نے عام شہریوں، خاص طور پر اقلیتی برادری کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے ارادے سے ملی ٹینٹوں کی بھرتی اور تعیناتی میں لشکر طیبہ کے ہینڈلرز کے کردار کو بے نقاب کیا۔وسیع تحقیقات کے بعد، این آئی اے نے پانچ ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، جن میں پاکستان میں مقیم تین لشکر طیبہ کمانڈروں – ابو قتال، سیف اللہ عرف ساجد جٹ(علی، حبیب اللہ اور نعمان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے)اور محمد قاسم شامل ہیں۔چارج شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح قتال نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خطے کو غیر مستحکم کرنے کے لیے حملوں کی منصوبہ بندی اور ان کو انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ قاسم، اصل میں ہندوستان سے تھا، 2002 میں پاکستان میں داخل ہوا تھا اور بعد میں لشکر طیبہ میں شامل ہو گیا۔این آئی اے کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ لشکر طیبہ کے یہ کارندے جموں و کشمیر میںملی ٹینٹوں کو تربیت دینے اور دراندازی کرنے، عام شہریوں پر ہدف بنا کر حملے کرنے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کے لیے براہ راست ذمہ دار تھے۔ ان کی کارروائیاں پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کی براہ راست ہدایات کے تحت کی گئیں، جو حملوں کو دور سے مربوط کرتے تھے۔