سرینگر// جنگجویانہ سرگرمیوں میں تیزی آنے کے ساتھ ہی جنگجوئوں نے منگل کی شام دیر گئے شمالی کشمیر کے حاجن باندی پورہ میں قائم فوجی کیمپ پر حملہ کردیا ۔دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ رات دیر گئے تک جاری تھا تاہم ابتدائی طور کسی طرف سے بھی کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنگجوئوں نے منگل کی شام8:30بجے 13آر آر سے وابستہ فوجی کیمپ پر فائرنگ کی ۔فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی اور دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ رات دیر گئے تک جاری رہا ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ادھر سوپورمیں جنگجوئوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودری سرنگ سے ٹکرا کر فوج کی ایک گاڈی کو شدید نقصان پہنچا ۔اس دوران سرینگر کے پائین شہر میں مرزا کامل صاحب ؒ درگاہ پر تعینات سیکورٹی عملے سے رائفل چھینے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔ایس ایس پی سوپور جاوید اقبال نے اطلاع دی کہ جنگجوئوں کی جانب سے سوپور کے یمبرزل واری علاقے مین بچھائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آکر فوج کی ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم انہوں نے کہاکہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔اس سے قبل گذشتہ ورز واڈورہ سوپور میں بارودی سرنگ کی زد میں آکر پولیس کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا تھا ۔اس دوران منگل کی شام کو پائین شہر سرینگر میں حضرت مرزا کامل صاحب ؒ کے آستانہ عالیہ کی حفاظت پر مامور سیکورٹی عملے کا اسلحہ چھیننے کی کوشش کی گئی ۔اس موقعے پرر پولیس اہلکاروں نے ہوا میں گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے حملہ آور فرار ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسلحہ چھیننے کی اس واردات کو مستعد عملے نے ناکام بنا دیا ہے ۔علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔