’ جے کے یوتھ کنکلیو 2024‘ کا اِفتتاح ۔ 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل،منشیات کیخلاف لڑائی میں اہم رول:لیفٹیننٹ گورنر

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی طاقت ترقی پسند اور خوشحال ہندوستان کا محرک ہے۔ کنونشن سینٹر میں’’جے کے یوتھ کنکلیو 2024 ‘کا اِفتتاح کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں نئی پود کو اَپنی اِنفرادی ترقی کے لئے شامل کرنے اور حوصلہ اَفزائی کرنے کے لئے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوں نے کہا’’ ’یوتھ کنکلیو‘جیسے پلیٹ فارم جنرل زیرز کو جموں و کشمیر کے سماجی، ثقافتی اور اِقتصادی منظر نامے کو تشکیل دینے اور بالآخر مختلف شعبوں پر اثر انداز ہونے کی ترغیب دیں گے‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی طاقت جموں و کشمیر اور وِکست بھارت کا ستون ہے۔ ملک بڑے اعتماد، اُمید اور توقعات کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ نوجوان پود اَپنی منفردہنروں اور صلاحیتوں سے اس سفر میں اپنا گراں قدر حصہ اَدا کریں گے۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے یوتھ کنکلیو میں جدید ترین ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے اور کل کی کامیابی کو تشکیل دینے میں نئی نسل کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوان طاقت ترقی پسند اور خوشحال ہندوستان کا محرک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اَمرت کال کے ویژن کو حاصل کرنے کے لئے نئی راہیں بنارہے ہیں۔انہوںنے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور اُن کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لئے اُنہیں یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ آبادیاتی فائدہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مشن یوتھ اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ پر زور دیا کہ وہ ’نیکسٹ جنریشن کولیشن۔جے کے پروگرام ‘کے ذریعے نوجوانوں کا ایک نیٹ ورک تیار کریں۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوان ہمیشہ بے لوث کام کرتے ہیں،وہ دوسروں کے لئے جیتے ہیں، نوجوانوں کے اعمال ان کے اپنے فائدے تک محدود نہیں ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی شخصیت اِشتراک پر یقین رکھتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ منشیات کے خلاف نوجوانوں کی قیادت میں لڑائی منشیات کے غلط اِستعمال کی بدعت سے نمٹنے اور منشیات سے پاک جموں کشمیر کے مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوان اَپنی صلاحیتوں اورہنروں کی خوشبو پھیلاتے ہیں تاکہ سب کو فائدہ ہو،وہ اندھیروں کو دور کرنے کیلئے تاریک راہوں کو روشن کرنے میں معاشرے کی مدد کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ نوجوانوں کو سماج کی خدمت کرنے کی کوششوں میں تمام ضروری وسائل اور مدد فراہم کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوتھ کنکلیو میں مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے نمائشی سٹالوں کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے مختلف سکیموں کے تحت استفادہ کنندگان کو تقرر نامے سونپے۔