سری نگر//جموں وکشمیر بینک کی انتظامیہ نے بینک ڈکیتیوں اورATMلوٹنے کے واقعات کے پیش نظر تربیت یافتہ سیکورٹی افسران کی بھرتی کاعمل شروع کیاہے ۔بینک چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبرنے کہاکہ بھرتی کاعمل شفاف ہے اورجے کے بینک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اُمیدواروںکو ڈیجٹل کاغذات اورانٹرویومیں حاصل کردہ نمبرات فراہم کئے گئے اور وہ مطمئن ہوگئے ۔کے این ایس کیساتھ ایک خصوصی گفتگو کے دوران جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبرنے کہا کہ بینک شاخوں میں حالیہ چوری کی کوششوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی افسران کی بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے تاکہ جے اینڈ کے بینک کے سیکورٹی سسٹم میں مزید بہتری لائی جاسکے۔انہوں نے کہاکہ کووڈ19کی وجہ سے روز مرہ کی زندگی میں خلل پیدا ہونے کے باوجود ،ہر شعبہ خاص کر بزنس سیکٹر متاثر ہوا۔پوری تاجربرادری پریشانی میں مبتلاءتھی اورہم بھی ایک بینک کی حیثیت سے صرف کاروبار میں ڈیل کرتے تھے۔جے کے بینک کے چیئرمین آر کے چھبر نے مزیدکہاکہ کورونا کے پہلے دن سے ہی ہم نے منظم حکمت عملی اپنائی ،چاہئے وہ کلسٹر لیول پرہو یاکہ برانچ وڈویژنل سطح پر،ہم نے بینک میں ایک ایسی حکمت عملی اپنائی ،جسکے ثمرآورنتائج برآمد ہوئے ۔منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ چونکہ روزمرہ کے کام کاج میں کوروناوباءکابنیادی مسئلہ تھا ،اسلئے فوری ریسپانس ٹیم تشکیل دی گئی تھی ،اوراس ٹیم کے ممبران روزانہ بنیادوں پرملاقات کرکے اسبات پرتبادلہ خیال کیاکرتے تھے کہ بینک میں کس طرح کام جاری رہے اورکاروباری یونٹوں کاکام بھی متاثر نہ ہونے پائے ۔جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین اورمنیجنگ ڈائریکٹر نے بینک گاہکوں وصارفین کو جے اینڈ کے بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ مدد سے متعلق سوال کے جواب میں ، بتایاکہ جموں وکشمیر بینک ڈجیٹل بینکنگ کے معاملے میں پوری طرح سرگرم ہے ، یہی وجہ ہے کہ جے اینڈ کے بینک کو تمام نجی بینکوں میں بہترین ڈیجیٹل بینکنگ سسٹم رکھنے پر نوازا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کودی جانے والی ڈیجیٹل بینکنگ کی مدد جے اینڈ کے بینک کی آئی ٹی ٹیم کی شراکت اورمحنت کا نتیجہ ہے،کیونکہ ہم اسی وجہ سے ڈیجیٹل بینکنگ میںبہتر نتائج ظاہر کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ بھرتی عمل کے معاملے میں جے اینڈ کے بینک پرہمیشہ تنقیدہوتی رہی ہے ،انہوںنے کہا کہ جے اینڈ کے بینک میں بھرتی کا عمل شفاف ہے اور جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار امیدواروں کو اپنے کاغذات اور انٹرویو اسکور کو ڈیجیٹل طور پر پہنچایا گیا اور وہ مطمئن ہوگئے۔جموں و کشمیر بینک کی کچھ شاخوں میں ڈکیتی کی حالیہ کوششوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ، انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیکورٹی افسران کی بھرتی کا عمل پہلے ہی شروع کردیا ہے اور15 دنوں کے اندر ، وہ سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔آرکے چھبر کاکہناتھاکہ جے اینڈ کے بینک کے شعبہ سیکورٹی میں اہل اورتربیت یافتہ افرادکوبطورسیکورٹی افسران کے تعینات کیاگیا ہے اوراُن کابنیادی کردار یہی ہوگاکہ وہ مقامی انتظامیہ اورخصوصاً سیکورٹی ایجنسیوں کیساتھ تال میل قائم رکھیں ۔