سرینگر//انسداد بدعنوانی کے ادارے’’ اینٹی کورپشن بیورو‘‘ نے جموں کشمیر بنک کے سابق چیئرمین و ایگزیکٹو پریذیڈنٹ، سابق اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ سمیت ممبئی نشین ایک کمپنی کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے کہا کہ ٹینڈروں کے ضوابط میں مبینہ طور پر خلاف ورزی سے بنک کو6کروڑ روپے سے زائد رقومات کا نقصان ہوا ہے۔بیورو نے کئی افسران کے گھروں پر چھاپے مار کر تلاشیاں بھی لیں،جس کے دوران قابل اعتراض دستاویزات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ انسداد رشوت ستانی بیورو نے کہا کہ فراڈ کے سلسلے میں اْس وقت کے جے کے بینک ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ سرجیت سنگھ سگھل،اْس وقت کے چیئر مین پرویز احمد،اْس وقت کے اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ فیروز احمد کے علاوہ ممبئی کی کمپنی’’ ایس آئی ایل ائے سولیشنز پرائیوٹ لمیٹیڈ‘‘ کے ڈائریکٹروں ساحل وورا اور رشبھ وورا و دیگران کیخلاف ایف آئی درج کیا گیا ہے۔ملزمین پر الزام ہے کہ انہوں نے مذکورہ کمپنی کو ٹینڈروں کے ضوابط کو بلائے طاق رکھ کرکام تفویض کیا،جس کے نتیجے میں بنک کو 6کروڑ 29 لاکھ 56 ہزار575روپے کا نقصان ہوا۔ بیان میں اینٹی کورپشن بیورونے کہا کہ یہ معاملہ ممبئی میں واقع ایک کمپنی یعنی ، ’’ایس آئی ایل ائے سولینشز پرائیوٹ لمیٹیڈ کو غیر اہم مقامات پر اے ٹی ایم کے ہاؤس کیپنگ کیلئے ، ٹینڈرز کی الاٹمنٹ سے متعلق ہے، جس میں ، ٹینڈرنگ کے مناسب اصولوں پر عمل نہیں کیا گیا،برعکس اس کے وہ کمپنی اس طرح کے کام کے دائرہ کار میں نہیں آتی تھی۔اس سے قبل ، اس معاملے میں اینٹی کرپشن بیورو سنٹرل کے ذریعہ جانچ کی گئی تھی جس میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ جے اینڈ کے بینک نے سال 2015 میں ہاوس کیپنگ سہولیات کیلئے بھارت بھر میں ٹینڈر طلب کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ بینک عہدیداروں نے ٹینڈر شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایس آئی ایل ائے سولیوشنز پرائیوٹ لمیٹڈ کے ساتھ نرخوں کے شرائط پر سمجھوتہ کیا،اور مذکورہ ممبئی نشین کمپنی کو ٹینڈر تفویض کیا گیا جولیاماتی قواعد (جی ایف آر) کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیاکہ دیگر شرائط کے علاوہ ایس آئی ایل ائے سولشنز پرائیوٹ لمیٹڈ کو معاہدے کے تحت اے ٹی ایم کی صفائی اور جنریٹروں کو نصب کرنا تھا۔ بینک کے ذریعہ کمپنی کو دی جانے والی اضافی انتظامی فیس اصل ٹینڈر کا حصہ نہیں تھی،اور ان ٹینڈر کی وجہ سے 6 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ۔ تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ ہی نقصان میں اضافے کا امکان ہے۔بیان کے مطابق اس سلسلے میں اینٹی کورپشن بیوروں نے17ستمبر کو سرینگر میں اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ جے اینڈ کے بنک کی رہائش گاہ کی تلاشی کے دوران قابل اعتراض دستاویزات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔