یو این آئی
نئی دہلی//اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ جی-20 کانفرنس کے بعد ہندوستان کے تئیں دنیا کے رویہ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور اسی بدلے ہوئے رویے کاہی اثر رہا کی برطانیہ میں اتراکھنڈ ریاست کے لیے انہیں 12 ہزار 500 کروڑ روپے سے زیادہ کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔مسٹردھامی نے لندن سے واپسی کے بعد یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ برطانیہ میں لوگوں کا ہندوستان میں سرمایہ کاری کے تئیں بہت مثبت رویہ ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ اپنے دورہ لندن کے دوران سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتراکھنڈ میں دسمبر میں گلوبل سمٹ ہورہی ہے اور جن لوگوں کواس بات کا علم نہیں تھا وہ لوگ بھی وہاں ان سے ملنے آرہے تھے اور سرمایہ کاری کے بارے میں تبادلہ خیال کررہے تھے ۔ بیرون ملک جی-20 کے بعد ہندوستان کے تئیں دنیا کے جذبات بدل گئے ہیں اور اس کا احساس انہیں لندن میں ہوا ہے ۔ لندن میں ہندوستان کے تئیں مثبت ماحول ہے اور وہاں کے لوگ نہ صرف اتراکھنڈ بلکہ ملک میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ جی-20 کے بعد ہندوستان میں سرمایہ کاری کی طرف لوگوں کا جھکاؤ مزید بڑھ گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس دورے کے دوران انہیں اتراکھنڈ کے لیے زیادہ تر تجاویز تعلیم، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں موصول ہوئیں۔ اس میں رافٹنگ، ہوٹل، ایڈونچر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس دوران برطانوی وزارت سیاحت کے ساتھ ایک مسودے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت اتراکھنڈ آنے والے سیاحوں کی ضروریات کے مطابق انتظامات کرنے پر بات ہوئی اور ریاستی حکومت اس پر خرچ کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح آئیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو اتراکھنڈ میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس سلسلے میں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں ایک مائیگرنٹ سیل کا قیام عمل میں آئے گاجو غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرائیں گے ۔ اس میں سنگل ونڈو کا اہتمام کیا جائے گا۔