سرینگر//پردیش کانگریس کے صدر جی اے میر نے کل گنپت یار حبہ کدل جاکرگنیش مندر میں اپنے کئی مطالبات کو لے کر بھوک ہڑتال پربیٹھے کشمیری پنڈت سنگھرش سمتی کے ارکین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔انہوں نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے اراکین کو مکمل حمایت دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے مرکزی سرکار اور ایل جی انتظامیہ پر زور دیا کہ کشمیری پنڈت سنگھرش سمتی کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے ۔ سنگھرش سمتی کے مطالبات میں تعلیم یافتہ کشمیری پنڈت بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کے بارے میں ہائی کورٹ اور وزارت امور داخلہ کے احکامات کی عمل آوری، کشمیر میں ہی رہائش پذیر 808 پنڈت گھرانوں کو ماہانہ مالی امداد کی فراہمی اور ہجرت نہ کرنے والے مستحق کشمیری پنڈتوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔اس موقعہ پر جی اے میر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو درپیش مسائل کی حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔غلام احمد میر کے ہمراہ سریندر سنگھ چنئی ،شمیمہ اقبال ،عبدالغنی خان ،محمد سلطان اور پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی تھے ۔