سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں جاری سیکورٹی الرٹ اور ضلع میں مشتبہ دہشت گردانہ نقل و حرکت میں اضافے کے دوران جنرل آفیسر ان کمانڈنگ وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے پیر کو لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔سینئر آرمی کمانڈر نے ان مقامات کا ایک ایسے وقت میں دورہ کیا جب نوشہرہ سیکٹر میں گزشتہ ماہ کے دوسرے آخری ہفتے میں دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنا دی گئیں جبکہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب لانچ پیڈ پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں اضافے کے حوالے سے باقاعدہ اطلاعات مل رہی ہیں۔فوج کے مطابق جی او سی وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ نے راجوری اور نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی کے ساتھ والے علاقوں کا دورہ کیا۔جی او سی وائٹ نائٹ کور نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔حکام نے مزید بتایا کہ جی او سی نے تمام رینک کے ساتھ بات چیت کی اور آپریشنل تیاری پر اعتماد کا اظہار کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجوری ضلع میں حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے بعد سیکورٹی کا منظرنامہ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے جس میں پرگل آرمی کیمپ پر حملہ، کندھرا میں انکاؤنٹر اور ضلع کے کچھ دیگر حصوں میں مشتبہ دہشت گردانہ نقل و حرکت کی اطلاعات شامل ہیں۔فوج اور پولیس نے جموں زون میں اے ڈی جی پولیس کے ساتھ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کرنے کے لئے مختلف میٹنگیں بھی کیں۔