جہانگیرپوری انسداد تجاوزات مہم پر سپریم کورٹ کی روک

یو این آئی
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے شمال مغربی دہلی کے فساد زدہ جہانگیر پوری علاقے میں شروع کی جا رہی انسداد تجاوزات مہم پر بدھ کو روک لگا دی۔چیف جسٹس این۔ وی رمانا، جسٹس کرشن مراری اور ہیما کوہلی کی بنچ نے جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل اور سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوے کے خصوصی ذکر پر جمود برقرار رکھنے کا حکم دیا۔بنچ نے کہا، ‘‘ہم اس معاملے کو جمعرات کے روز درج کریں گے ۔جہانگیر پوری علاقے میں 16 اپریل کو ہنومان جینتی پرنکالی گئی شوبھا یاترا کے دوران دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے پیش نظر علاقے میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں پولس فورس کو تعینات کیا گیا ہے ۔قابل ذکرہے کہ کشیدگی کے درمیان، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے علاقے میں انسداد تجاوزات مہم کا اعلان کیا تھا۔