جہاد کونسل انتخابات کے دوران جنگ بندی کا اعلان کرے: نیشنل کانفرنس لیڈر کا مطالبہ

سرینگر./جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے لیڈر یاور مسعودی نے جنگجو تنظیموں کے اتحاد ،متحدہ جہاد کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں  آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے دوران جنگ بندی کا اعلان کرے۔

مسعودی ، جو پارٹی کے پانپور حلقے کے انچارج ہیں،نے ایک بیان میں کہا کہ تشدد جمہوری عمل کو متاثر کرتا ہے اور اس طرح عام لوگ الیکشن عمل میں شریک ہونے سے رہ جاتے ہیں۔

 انہوں نے کہا''جہاد کونسل کو چاہئے کہ عوامی نمائندوں کے انتخاب کے جمہوری عمل کی اہمیت کو سمجھے اور ایسے اقدامات کرے جن سے آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بن جائے''۔

انہوں نے سماجی و مذہبی جماعتوں پر سرکاری پابندی کوغیر ضروری قراردیتے ہوئے ریاست کی خصوصی پوزیشن کو زک پہنچانے،این آئی اے کے استعمال سے قیدیوں کو وادی سے باہر منتقل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے اقدامات سے ہر کسی کو جمہوری طور منتخب نمائندوں کی اہمیت سمجھ لینی چاہئے۔