سراینگر//شہر ہ آفاق ڈل جھیل میں آگ کی واردات میں دو ہاوس بوٹ جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ معروف ہوٹل ’دی للت‘ میں آتشزدگی سے ایک کمرے کو نقصان پہنچا ۔گذشتہ شب گھاٹ نمبر 9کے متصل اچانک ایک ہاوس بوٹ سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہولناک رخ اختیار کر لی ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا جنہوں نے مقامی لوگوں کے ہمراہ آگ بجھانے کیلئے کارروائی شروع کردی تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تب تک دو ہاوس بوٹ جن میں نیو زی لینڈاور ہاوس بوٹ اپالو 11 نامی دو ہاوس بوٹ قابل ذکر ہیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے تھے اور ان میں موجود تمام ساز و سامان جل کر خاکستر ہو گیا تھا ۔ہااوس بوٹ مالکان کا کہنا ہے کہ کہا کہ گزشتہ3برسوں کے دوران15ہاوس بوٹ آگ کی نذر ہوگئے،جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کی املاک اور ثقافتی ورثہ کا نقصان ہونے کے علاوہ یہ کنبے بے روزگار بھی ہوگئے۔ہاوس بوٹ مالکان کی انجمن کے سابق ترجمان محمد یعقوب دوون نے جھیل ڈل ،دریائے جہلم ،ژونٹھ کوہل اور دیگر آبی ذخائر میں بھی موجود ہاوس بوٹوں کیلئے آگ سے بچانے کا انتظام کرنے اور بچائو عملہ کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی دوران گپکاڑ روڈ پر واقع معروف ترین ہوٹل اوبرائے گرینڈ للت میں بدھ کواچانک ایک کمرے سے آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں کمرے کو نقصان پہنچ گیا ۔ آگ لگتے ہی محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے آگ پر قابو پا لیا گیا ۔