جھیل ڈل میں میوزیکل فوارہ نصب

سرینگر// شہرہ آفاق جھیل ڈل میں’ایس کے آئی سی سی ‘کے عقب میں بدھ کو موسیقی فوارہ اور لیزر شو شروع ہوا،جس کے دوران بڑی تعداد میں مقامی و غیر مقامی بشمول سیاح میوزیکل شو سے لطف اندوز ہوئے۔ سرینگر میں سیاحت کو فروغ دینے اور شام کے تفریحی کیلئے محکمہ سیاحت نے جھیل ڈل میں میوزیکل فواروں کی نمائش شروع کی۔شام کے وقت موسیقی کے ان فواروں اور لیزر نمائش سے جھیل ڈل کی خوبصورتی اور بھی نکھر کر سامنے آرہی تھی اورمقامی و غیر مقامی سیاح ان مناظر سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔لیزر نمائش6کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوئی ہے جو کہ ہر روز شام6بجے سے15منٹوں کے وقفے سے دو بار چلائی جائے گی،جبکہ ہر شو میں200نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ بدھ کو اس کا افتتاح کرنے کے بعد15روز تک یہ سیلانیوں کیلئے مفت دستیاب ہوگا۔محکمہ کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت ریاست کے تمام سیاحتی مقامات پر معقول ڈھانچہ تیار کر رہی ہے،تاکہ مقامی لوگوں اور سیاحوں کو ان جگہوں پر اچھی سہولیات دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہاں شام کی تفریخ کا مقدان ہے،جبکہ سیاح شام کے وقت کچھ وقت یہاں پر گزار سکتے ہیں،اور جھیل ڈل کے کنارے موسیقی والے فواروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔