حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گائوں جھلاس کے سرپنچ سیش کمار کی قیادت میں گائوں جھلاس کے ٹریکٹر ٹرالی مالکان نے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے نعرے لگا کر انصاف کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے انھیں جھلاس نالے سے ریت بجری نکالنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ وہ ٹریکٹر جو کہ انھوں نے قرضہ پر لئے ہیں ان کی قسط جمع نہیں کر پائے ہیں اور فائننس والے ان کے ٹریکٹروں کو ضبط کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ہر طرح کے لوازمات پورے کرنے کو تیار ہیں لیکن انتظامیہ ان کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔سرپنچ حلقہ پنچایت جھلاس نے کہا کہ دوسرے جگہ کے ٹریکٹر والوں کو جھلاس کے نالے سے ریت اور بجر ی نکالنے کی اجازت دی جارہی ہیں صرف جھلاس کے مقامی لوگ جنہوں نے ٹریکٹر قرضہ پر اٹھا رکھے ہیں ان کو اجازت نہیں دی جاتی۔انھوں نے کہا کہ علاقہ کے تین سو کنبہ جات جن کا دارومدار ان کے یہی ٹریکٹر ٹرالیاںہیں کام نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات سے دو چار ہیں۔انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ان کو ریلٹی نہیں مل سکتی۔اگر پونچھ شہر کے بیچوں بیچ لوگوں کو نالے سے ریت بجری نکالنے کی اجازت مل سکتی ہے تو جھلاس جو کہ ایک دوردراز اور بالکل الگ علاقہ ہے وہاں سے ان کو اجازت کیوں نہیں دی جارہی۔احتجاج کی خبر ملتے ہیں چوکی افسر جھلاس وہاں پہنچے جنہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچائیںگے، ان کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج اس شرط پر ملتوی کیا کہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہ کیا گیا تو وہ لوگ اپنے ٹریکٹر لیکر سڑک پر اتر کر احتجاج کریں گے۔