گاندربل//جوڈیشل افسروں پراپنے فرائض بغیرکسی خوف کے انجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے جموں کشمیراورلداخ ہائی کورٹ کے جسٹس جاویداقبال وانی نے انصاف کے مقاصد کوپوراکرنے کیلئے پرانے مقدمات کوبروقت نمٹانے پرزوردیا۔وہ یہاں گاندربل میں ضلع عدلیہ کمپلکس میں جوڈیشل افسروں سے تبادلہ خیال کررہے تھے۔اس سے قبل جموں کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جسٹس جاوید اقبال وانی جو ضلع گاندربل کے ایڈمنسٹریٹو جسٹس ہیں،نے ضلع کورٹ گاندربل کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ان کے اعزاز میں ضلع پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیاجس کے فورا بعد انہوں نے اجلاس کی صدارت کی جس دوران پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل، ایس ایس پی گاندربل،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر، سکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی گاندربل، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ گاندربل، جوڈیشل افسران،گاندربل بارایسوسیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع عدالت گاندربل کے ترقیاتی منصوبوں پر ہورہے کام کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران جسٹس جاوید اقبال وانی نے کہا کہ نئے کورٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ کسٹوڈین اراضی کے حوالے سے پہلے سے موجود فائل پر کام کرنے کے متبادل کے طور پر معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ اس معاملے کو یونین ٹریٹری کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا تاکہ جوڈیشل آفیسرز، آفیشل، بار ایسوسی ایشن ممبران کو درپیش بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔ موجودہ کورٹ کمپلیکس کی تزئین و آرائش کا معاملہ بھی ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل اور ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ گاندربل کے ساتھ اجلاس میں اٹھایا گیا تاکہ موجودہ کمپلیکس کو مکمل طور پر فعال بنانے کے ساتھ ساتھ ضلع عدلیہ کی ضروری تزئین و آرائش کی جائے۔ہائی کورٹ جسٹس جاوید اقبال وانی کے دورے کے دوران انہوں نے ضلع ہیڈ کوارٹر گاندربل کی تمام عدالتوں کے عدالتی کام کاج کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے جوڈیشل افسران سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے توقع کی کہ وہ اپنے فرائض آزادانہ اور بغیر کسی خوف اور احسان کے انجام دیں گے۔اس موقع پر انہوں نے انصاف کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے پرانے مقدمات کو بروقت نمٹانے پر زور دیا۔
جوڈیشل افسربغیر کسی خوف اپنے فرائض انجام دیں
