سرینگر// جنیوا میں کشمیریوں کے ایک ڈیلی گیشن نے اقوام متحدہ صدر دفتر کے باہر زور دار احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیر کے اطراف و اکناف میں ہورہی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کرائی جائے۔مظاہرین میں نیشنل فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی،یورپی پارلیمنٹ کے رکن جوہان ہاورتھ،پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے چودھری پرویز اشرف،سردار امجد یوسف،فیض نقشبندی،حسن البناء،ایڈوکیٹ پرویز شاہ،شمیمہ شال اور دیگر کمیونٹی لیڈران نے شرکت کی۔انہوں نے مظاہرے کے دوران کشمیر سے متعلق انسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹ کی سراہنا کی۔مظاہرین نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن پر زور دیا کہ وہ اپنی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے ایک خصوصی کمیشن کا قیام عمل میں لائے جو کشمیر کے اندر حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات انجام دے۔مقررین نے سرینگر میں سینئر صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر سید شجاعت بخاری کے بے دردانہ قتل کی مذمت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھارکھے تھے اور وہ آزادی کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے۔