عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں اگلے 7 دنوں کے دوران جنگلات میں آگ لگنے کے بہت زیادہ خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔خطے میں طویل خشک موسم نے خاص طور پر جموں خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔اتھارٹی نے کہا ہے کہ اگلے سات دنوں میں جموں و کشمیر کے جنگلاتی علاقوں میں جنگل میں آگ لگنے کا بہت زیادہ خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے کی وارننگ 30 جنوری کی صبح 11 بجے تک ہے۔جموں و کشمیر، جنگلات سے مالا مال خطہ، 20,230 مربع کلومیٹر جنگلات پرپھیلا ہوا ہے، جو اس کے جغرافیائی رقبے کا تقریباً 10 فیصد احاطہ کرتا ہے۔ لداخ کو چھوڑ کر، جس میں قدرتی جنگلات کا فقدان ہے، جنگلات کے احاطہ کا تناسب 47 فیصد تک ہے۔حکام نے بتایا کہ اس خطے میں 1 سے 22 جنوری تک 81 فیصد بارش کی کمی ہوئی ، اس مدت کے لیے 11.4 ملی میٹر بارش کے مقابلے میں 60.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ بارشوں کا خسارہ جاری خشک موسم کے دوران جنگلات میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔