سرینگر/فورسز نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں شبانہ معرکہ آرائی کے دوران 2عسکریت پسندوں کو جاں بحق کیا۔
حکام نے جمعہ کو کہا کہ یہ معرکہ آرائی پلوامہ کے دربگام علاقے میں پیش آئی۔
فورسز نے دوران شب دربگام کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران چھپے جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ حکام نے کہا کہ معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں بر آمد کی گئی ہیں جبکہ معرکہ کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کی جارہی ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق جاں بحق جنگجوئوں میں شاہد احمد بابا ساکنہ دربگام اور عنایت احمد ساکنہ آری ہل شامل ہیں ،جو جیش محمد نامی عسکری گروہ سے وابستہ تھے۔
اس سے قبل نوجوانوں نے دوران شب ہی فورسز پر سنگباری کی تاکہ اُن کے آپریشن کو ناکام بنایا جاسکے۔ فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے۔
دریں اثناء حکام نے پلوامہ ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔