جنوبی کشمیر کے نوگام عشمقام میں تیندوے کے حملے میں 16 بھیڑیں ہلاک، قریب ایک درجن زخمی

سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے نوگام عشمقام علاقے میں دوران شب ایک خونخوار تیندوے نے ایک گاؤ خانے میں گھس کر کم سے کم 16 بھیڑوں کو ہلاک جبکہ قریب ایک درجن کو زخمی کر دیا۔
بھیڑوں کے مالک غلام محی الدین میر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات کے قریب سوا تین بجے وقوع پذیر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بھیڑوں کا شور سن کر میں تین بجے باہر نکلا اور گاؤ خانے کی طرف گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بھیڑوں کو بچانے کی کافی کوشش کی، شور بھی مچایا لیکن تیندوا قریب بیس منٹوں تک گاؤ خانے کے اندر رہا۔
موصوف مالک نے کہا کہ تیندوے نے باہر نکل کر مجھ پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی اور میرے پالتو کتے کو بھی زخمی کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تیندوے کے چلے جانے کے بعد میں نے دیکھا کی کم سے کم 16 بھیڑیں ہلاک ہوئی تھیں جبکہ قریب سات بھیڑیں زخمی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بینک سے قرضہ لے کر یہ بھیڑ خریدے تھے اور میری روزی روٹی کا یہ واحد وسیلہ تھا۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
یک مقامی بزرگ کا الزام تھا کہ محکمہ وئلڈ لائف کی لا پرواہی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ وقوع پذیر ہونے جے بعد بھی ان کا کوئی بھی ملازم یہاں نہیں آیا۔
انہوں نے حکومت سے متاثرہ مالک کو مدد کرنے کی اپیل کی۔