اننت ناگ//وبائی بیماری کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے جہاں انتظامیہ شہروں و قصبہ جات میں کافی سرگرم نظر آرہی ہے وہیں گائوں دیہات میں سرکاری مشینری غائب نظر آرہی ہے ۔ضلع اننت ناگ کے اکثر گائوں و دیہات میں کوئی بھی چھڑکائو یا دیگر اقدامات نہیں اُٹھا ئے گئے ۔گائوں کے لوگ بیماری سے محفوط رہنے کے لئے ازخود رضا کارانہ طور پر چھڑکائو کے ساتھ ساتھ سماجی دوری بنائے رکھے ہوئے ہیں ۔کپرن دودھ وگن نامی گائوں سے تعلق رکھنے والے الطاف احمد نے کشمیر عظمٰی کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ لوگ شاید اس سماج کا حصہ نہیں ہے ،سرکاری مشینری اپنی ساری توجہ شہروں و قصبہ جات کی طرف دے رہی ہے تاہم آبادی کا بیشتر حصہ گائوں دیہات میں آباد ہے اور سرکار اس جانب کوئی بھی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہاں ہم نے ازخود ادویات کا چھڑکائو کیا اور ساتھ ہی پی ایچ سی و دیگر اہم مراکز کے سامنے گول دائرے بنائے تاکہ سماجی دور کو یقینی بنایا جائے ۔اس کے علاوہ ہر روز لڑکوں کا ایک گروپ گائوں میں گشت کرتا ہے تاکہ لوگ گھروں میں رہے۔