اشفاق سعید
سرینگر//محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران جموں کشمیر میںبارش کی پیشگوئی کی۔ایک بیان میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ وادی میں اگلے دو روز کے دوران کہیں کہیں بارشوں کا امکان ہے جبکہ جموں اور لداخ صوبوں میں بھی دور دور تک کچھ جگہوں پر بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر موسم میں کوئی بڑی تبدیلی رونما نہیں ہوگی البتہ مطلع ابر آلور رہے گا اور درجہ حرارت بھی متوازن رہیگا۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ 3اور 5مئی کو مغربی ہوائیں ایک بار پھر جموں کشمیر میں داخل ہونگی اور انکا اثر براہ راست موسم پر پڑے گا اور دونوں ایام میں بارشوں کا امکان ہے۔دریں اثناء جمعرات کی شام،جنوبی و وسطی کشمیر کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر مکانوں کے چھت اڑ گئے جبکہ درختوں کو بھی نقصان ہو ا۔ ٹنگمرگ اور گلمرگ علاقے میں شدید ژالہ باری ہوئی جس سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو بھاری نقصان ہوا۔ پچھلے ایک ہفتے میں شمالی و وسطی کشمیر میں دوسری بار شدید ژالہ باری ہوئی ہے۔ادھر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، کولگام ، شوپیان ، اور پلوامہ کے ساتھ ساتھ وسطی ضلع بڈگام کے متعدد علاقوں میںتیز آندھی چلنے کے باعث لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جبکہ تیز آندھی کے نتیجے میں کئی مکانوں کے چھت اڑا گئے جبکہ درجنوں مقامات پر درخت بھی اکھڑ آئے ۔