جنوبی و شمالی کشمیر میں ہلکی برفباری

سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جنوبی و شمالی کشمیرکے بالائی اور کئی میدانی علاقوں میں جمعہ بعد دوپہر سے ہلکی برفباری اور بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے موسمی صورتحال کے بارے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ برفباری سے زمینی و فضائی ٹرانسپورٹ عارضی طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔  گلمرگ کے علاوہ شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ جنوبی ضلع اننت ناگ ، کولگام اور شوپیان کے دور افتاد علاقوں سے بھی تازہ برفباری جبکہ کئی علاقوں میں بارشیں ہوئی ہیں۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق زوجیلا، سونہ مرگ، گگن گیر، کلن، گنڈ میں بعد دوپہر سے برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔اس دوران سونہ مرگ شاہراہ پر چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی اور سیاح سونہ مرگ میں تازہ برفباری سے لطف اندوز ہورے تھے۔ عارف بلوچ کے مطابق ضلع اننت ناگ کے بالائی علاقوں کپرن، اموہ، ویری ناگ، منزموہ، سمتھن ٹاپ ،کوکرناگ اور ڈورو میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں  بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔بالائی علاقوں میں 1 سے 2 انچ تازہ برف جمع ہوئی ۔ کولگام سے خالد جاوید کے مطابق جواہر ٹنل پر 5 انچ برف درج کی گئی جبکہ دیگر میدانی اور بالائی علاقوں میں  4 برف درج کی گئی جن میں نندی مرگ، باڈی جالن ،اہر بل، ڈی کے مرگ ، قاضی گنڈ اور علاقہ کنڈ کے علاوہ دیگر کئی علاقے شامل ہیں،پلوامہ اور شوپیاں کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوںکی اطلاعات ہیں۔شوپیاں میں پیر کی گلی ،دبجن ، سیدھو اور اہر بل میں 3انچ برف جمع ہو چکی تھی ۔ادھر شمالی کشمیر کے کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ میں بھی ہلکی بارشوں کا سلسلہ دوپہر سے شروع ہوا تاہم کرناہ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری بھی ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری تھی ۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس بات کی پیشگوئی کر رکھی ہے کہ 22 اور23 جنوری کو درمیانی درجے کی برفباری متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 24 جنوری سے موسم میں بہتری واقع ہونا شروع ہوگی اور بعد ازاں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہ سکتا ہے۔ محکمہ کے ترجمان کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سرینگر میں درجہ حرارت 2.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، گلمرگ میں منفی7.5 ،پہلگام میں منفی2.4 اورسرحدی ضلع کپوارہ میں  1.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ گلمرگ اور پہلگام کے بغیر وادی کے سبھی جگہوں پر رات کے درجہ حرارت میں بہتری دیکھی گئی۔