سرینگر//کووڈ ۔19وباکے سبب معیشت کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لئے اِنتظامی کونسل ( اے سی ) کی میٹنگ جمعہ کویہاں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقد ہوئی ، میںمعیشت کی بحالی کے لئے امدادی پیکیج کو منظوری دی گئی ۔
اس سے قبل مرکزی حکومت نے آتما نربھر بھارت ابھیان کے تحت 20لاکھ کروڑ روپے کا پیکیج متعارف کیا تھا جس کے تحت چھوٹے اور درمیانہ درجے کی صنعتوں ، ترجیحی شعبوں اور حساس طبقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ تاہم جموںوکشمیر حکومت نے مختلف شعبوں اور قرض داروں جو کہ مرکزی حکومت کی پیکیج کے دائرے میں نہ آتے ہوں کے لئے اسی طرح کے امداد بہم رکھنے کی ضرورت محسوس کی۔
اِمدادی پیکیج کے تحت سیلز ٹیکس اور وی اے ٹی کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے 31اکتوبر 2020ءتک عام معافی سکیم کو توسیع دی گئی ہے جبکہ جنوری سے مارچ 2020 ءتک جی ایس ٹی کلیمز کی باز ادائیگی کی تاریخ میں 15اکتوبر 2020تک اور اپریل سے جون 2020ءکے لئے15نومبر 2020تک توسیع دی گئی۔
کووِڈ کے سبب معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے امدادی پیکیج کے تحت تمام جموںوکشمیر کے تمام صنعتی تجارتی اداروں کے لئے مقررہ چارجز پر واجب الادا سرچارج 31مارچ 2020ءسے 31اکتوبر 2020ءتک کی مد ت کے لئے حکومت ادا کرے گی۔
حکومت ہند اور جموںوکشمیر کے پیکیج کے تحت نئے قرضہ جات پر سٹیمپ ڈیوٹی کو بھی معاف کیاجارہا ہے ۔
انتظا می کونسل نے محکمہ خزانہ کو محکمہ صنعت وحرفت کی مشاورت سے فی الوقت کام کر رہے اداروں کے لئے شرح سود میں رعایت سے متعلق تجویز پیش کرنے کے لئے کہا ۔محکمہ صنعت و حرفت کو معقول لائحہ عمل کے تحت مقامی طور تیار کئے گئے اشیاءکے حصول کےلئے ترجیح پالیسی کو لاگوکرنے کی ہدایت دی گئی۔