نئی دہلی// دہلی میں وزارت داخلہ امور میں مرکزی ہوم سکریٹری اجے بھلا کی زیر صدارت جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے منگل کی شام ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔اس میٹنگ میں جموں و کشمیر کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ ، اے ڈی جی جموں مکیش سنگھ اور آئی بی چیف اروند کمار اور سی آر پی ایف ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ کے علاوہ دیگر انٹلی جنس اور سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران شریک ہوئے۔یہ میٹنگ 27 مئی کو جموں ایئر فورس اسٹیشن کے تکنیکی علاقے میں دو کم شدت والے دھماکوں کے بعد بلائی گئی ۔یہ دھماکے 27 جون کو جموں کے فضائیہ اسٹیشن ، ستواری احاطے کے اندر 6منٹ کے وقفے کے دوران ہوئے تھے۔ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ڈرونز کے ذریعہ دھماکے کرائے گئے جس کے نتیجے میں ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ اور دفتر کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔جموں ایئرفورس اسٹیشن حملہ کیس کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے کیلئے استعمال کیے گئے ڈرونوں میں ڈیڑھ کلو گرام آر ڈی ایکس ہوا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ یہ ڈرون جی پی ایس کے ذریعے چلائے گئے تھے اور دستی طور پر ان کے ہینڈلرز نے سنبھالے تھے۔میٹنگ میں نہ صرف مجموعی سلامتی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا بلکہ وادی میں بالخصوص جنگجوئوں کی تعداد، انکی سرگرمیوں اور لائن آف کنٹرول کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی جائیگی۔سیکورٹی میٹنگ کا انعقاد سیاسی سرگرمیوں کی ممکنہ شروعات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔