جموں کشمیر میں5ڈاکٹروں سمیت مزید16کے کورونا ٹیسٹ مثبت،تعداد1199پہنچی

سرینگر//جموں کشمیر میں گذشتہ رات کے دوران5ڈاکٹروں سمیت مزید16افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے اندراس مہلک وبا میں مبتلاءافراد کی تعداد1199تک پہنچ گئی ہے۔
جی ایم سی سرینگر میں تعینات ڈاکٹر سلیم خان نے خبر رساں ایجنسی کے این او کو بتایا کہ کورونا میں مبتلاءہونے والے نئے مریضوں میں5ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ان ڈاکٹروں میں3کا تعلق صدر اسپتال کے شعبہ ای این ٹی ،1کا تعلق ڈینٹل کالیج اور مزید1کا تعلق سکمز بمنہ سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حبہ کدل کی جو کورونا مریضہ گذشتہ روز سی ڈی اسپتال میں انتقال کرگئی اُس کا علاج ڈینٹل کالیج کے ڈاکٹر اور ای این ٹی سیکشن میں تعینات ڈاکٹروں نے کیا تھا۔
ادھر اُدھمپور میں قائم فوج کے کمانڈ اسپتال کے لیفٹیننٹ کرنل انعام دانش خان کا کہنا ہے کہ کولگام اور اُدھمپور اضلاع سے تعلق رکھنے والے11مسافروں کے ٹیسٹ بھی گذشتہ رات کے دوران مثبت ظاہر ہوئے ہیں۔