جموں // جموں و کشمیر میں ویکسین کی یکساں تقسیم کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں الیکٹرانک ویکسین انٹیلی جنس نیٹورک کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو نے ای وی آئی این میں جاری کام پر تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا کہ سی سی پی(Cold Chain Points) اور ان کی تفصیلات ای وی آئی این پر دستیاب رکھنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی پیز کو چلانے والے 689افراد اور 585سی سی پیز کی تفصیلات تمام اضلاع میں دستیاب ہیں اور تمام اضلاع ای وی آئی این پر دستیاب ہونگے۔ ای وی آئی این پر مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی چلانے والوں کو موبائل فون اور ویب ایپلیکشن کے ذریعے جوڑا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف سٹاک کے بارے میں جانکاری ملے گی بلکہ سی سی پیز میں درجہ حرارت کا بھی پتہ چلے گا جس سے ویکسین موثر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ویکسین کو حاصل کرنے، ایمرجنسی صورتحال میں دستیاب، ویکسین کیلئے راستوں کی منصوبہ بندی اور سٹاک صورتحال پر جانکاری بھی دستیاب ہونگی۔ انہوں نے بتایا گیا کہ ویکسین فراہم کرنے کیلئے 20جگہوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کیلئے کولڈ چین منیجرز کی تعیناتی عملہ میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کیلئے سی سی ایمز کے علاوہ 2پروجیکٹ افسرز اور ایک سینئر پروجیکٹ آفسر کو تعینات کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹز کے اعداد و شمار اور تمام اضلاع میں وی سی سی ایمز نے ڈاٹا بینک بھی تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو ڈسٹربویشن رجسٹرز بھیجی گئی ہیں جبکہ ای وی آئی این اور تمام رجسٹروں پر اعداد وشمار جمع کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی آئی این سے پورے جموں و کشمیر میں ویکسین کی یکساں تقسیم ہوگی۔ فائنانشل کمشنر نے کہا کہ جموں و کشمیر عام ویکسین کی تقسیم میں بھی پورے ملک تیسرے نمبر ہے اور یہاں سال 2020-21کے دوران 96فیصد بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ سروے 5میں جموں و کشمیر پورے بھارت میں5ویں نمبر پر تھا۔اس موقع پر لفٹنٹ گورنر نے محکمہ صحت کی کارگردگی کی سرہانہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت عالمی وباء کے ساتھ نپٹنے میں مصروف ہونے کے بائوجود بھی کئی محازوں پر بہترین کام کررہا ہے۔