محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے علاقے میں پولیس نے کشمیر سے پنجاب لی جارہی کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے دو سمگلروں کو گرفتار کیا ۔30 کلو گرام کوکین کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریبا ً300 کروڑ روپے ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کی یہ کھیپ جموں کشمیر میں اب تک کی سب سے بڑی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ہفتے کی شب قریب12 بجے سرینگرسے آرہی ایک انووا گاڑی میں سوار دو افراد کو بانہال کے ٹی چوک پر رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن گاڑی میں سوار لوگ بھاگ گئے لیکن مستعد پولیس نے انہیں دھر دبوچ لیا اور گاڑی کی تلاشی لینے پر اب تک کی سب سے بڑی تین سو کروڑ روپے کی 30 کلو گرام کوکین کی کھیپ برآمد کی ۔منشیات کی بھاری مقدار لیجانے والے کار میں سوار پنجاب کے دونوں باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے منشیات کی اس بھاری کھیپ کی برآمدگی کے بعد دعوی کیا ہے کہ پولیس نے منشیات اور دہشت گردی کے ایک بڑے ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔
جموں میں پولیس نے ایک بیان میں کہا ” پولیس نے ہفتے کی شب10 بجکر 35 منٹ پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہتا شرما کی قیادت میں ریلوے چوک بانہال پر کشمیر سے جموں کی طرف آنے والی ایک گاڑی کو لگائے گئے ناکہ پر روکا گیا اور تلاشی کے بعد تقریباً 30 کلو گرام کوکین برآمد کی گئی ، جس کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 300 کروڑ روپے ہے اور اس سمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ایک نارکو ٹیرر ماڈیول کا پردہ فاش ہوا ہے۔ پولیس حکام نے کہا “یہ کامیاب آپریشن ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما اور ان کی ٹیم کی طرف سے تیار کردہ انٹیلی جنس اطلاعات پر انجام دیا گیا،جو منشیات اسمگلروں اور پیڈلرز کے خلاف مسلسل جنگ لڑ رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں بدنام زمانہ سمگلروں کے خلاف رام بن پولیس کی ٹیم پہلے ہی مقدمہ درج کر چکی ہے۔اس سلسلے میں ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما نے اتوار کی شام پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہفتے کی رات ساڑھے اٹھ بجے انہیں مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ایک گاڑی میں منشیات کی بھاری کھیپ جموں لیجارہی ہے اور اطلاع کے بعد بانہال ریلوے چوک کے نزدیکایک خصوصی ناکہ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ انوواگاڑی نمبر HR2W/ 4925وہاں پہنچی تو اسے روکا گیا اور کوکین جیسا دکھنے والا 30 کلو مواد ضبط کیا جس کی عالمی منڈی میں قیمت تین سو کروڑ روپئے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ کھیپ کراس بارڈر ٹیررازم سے جڑی ہے اور اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی نے گرفتار سمگلروں کی شناخت سربجیت سنگھ جاٹ ساکن بلاں پنڈ جالندھر اور ہنی سنگھ بسرا ساکن پلائی روڈ تحصیل پھگواڑہ ، کپور تھلہ پنجاب کے طور پر کی گئی ہے ۔اتوار کی شام پولیس نے ان کا طبی معائنہ کرایا اور اس کیلئے دونوں ملزمان کو سب ضلع ہسپتال بانہال لایا گیا۔