سرینگر//جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کہا کہ مرکز کا زیر انتظام علاقہ گذشتہ برس کی تبدیلیوں کے باعث نئی معمولات کی بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جموں کشمیر میں تبدیلی لانے کیلئے امن اور ترقی کو زینہ بنائیں گے۔
ایل جی سنہا کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ جموں کشمیر کا کلچر فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھ گیا لیکن اب اُس کو ٹھیک کرکے ”ہم پھراُسے بیانیہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہم اس بیانیہ میں ترقی، امن اور سماجی یگانگت کو شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ جموں کشمیر کا ناقابل تنسیخ حصہ بن جائے“۔
ایل جی سنہا شیر کشمیر کرکٹ سٹیڈیم سرینگر میں یوم آزادی کی تقریب کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی ڈاکٹرئن’انسانیت،جمہوریت اور کشمیریت ‘کا بھی حوالہ دیا۔