عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ریاست کی وحدت، انفرادیت، شناخت اور ریاست کے عوام کے وجود کو زندہ رکھنا ہوگا تو ہم کو متحد ہوکر اُن درپردہ بی جے پی کے اُمیدواروں جو پہلے بعض اُمیدواروں کو شکست سے دوچار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ بھاجپا کو جموں وکشمیر کے عوام کے تئیں ادارے نیک نہیں ہیں، بدنیتی ،نفرت اور تعصب اُن کی رگ رگ میں بسی ہوئی ہے، ان کشمیر دشمن عناصر نے ہمارا وجود ہر سطح پر خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ریاستی عوام کو دانے دانے کیلئے محتاج بنا دیا اور ہر سطح پر بے اختیار بنایا۔ ان عناصر نے جموں و کشمیر کے عوام کو اُن تمام آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کردیا جو ہمیں ملک کے آئین میں حاصل ہوئے تھے۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فارو ق عبداللہ نے بارہمولہ ٹائون اور کنڈی سے مختلف سیاسی سماجی شخصیت سے خطاب کرتے ہوئے جو پارٹی لیڈر اور نامزد اُمیدوار جاوید احمد بیگ کی قیادت میں آئے تھے۔ اس موقع پر کئی افرادنے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ، جن میں سابق ریاستی وزیر مظفر حسین بیگ کے برادر فضل محمد بیگ بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اتحاد و اتفاق اور پُرعزم رہ کر دشمن عناصر کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ لوگ نیشنل کانفرنس کے پرچم تلے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے اپنی اس آبائی جماعت کو مضبوط کریں گے تاکہ جموںوکشمیر کے مظلوم اور محکوم عوام کو راحت پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا انتخابی منشور غریب عوام کو راحت پہنچانے کیلئے مرتب کیا گیا اور ہمارے جماعت سے وابستہ ہر ایک فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پارٹی کی طرف سے راحت کاری کے ایجنڈا کو گھر گھر پہنچائیں اور لوگوں کو اپنے منشور سے آگاہ کریں۔ پارٹی صدر نے پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور بے لوث حامیوں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے اُمیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے مل کرکام کریں اور پارٹی کی شاندار و بھاری اکثریت سے کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔