جموں پونچھ قومی شاہراہ کی کشادگی کا کام جاری تعمیراتی کام دن کے بجائے رات میں کرانے کا مطالبہ

 

پونچھ//جموں پونچھ قومی شاہراہ کی کشادگی کا کام جاری ہے۔ سرنکوٹ اور پونچھ کے درمیان سڑک کا تعمیراتی کام شد و مد سے جاری ہے تاہم اس دوران لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کو گزرتے وقت ہمیشہ خطرہ رہتا ہے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے مسافروں نے کہا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکومت نے پچھلے پانچ برسوں سے مسلسل سڑکوں کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں پونچھ سڑک کی کشادگی کا کام دن میں ہو رہا ہے اس دوران جہاں ٹریفک جام اس سڑک پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں وہیں کئی بار حادثہ ہونے کا بھی خطرہ رہتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وہاں سے گاڑیاں گزر رہی تھیں کہ اچانک پسی گر آئی جس کے نیچے آتے آتے ایک مسافر بس بچ گئی ورنہ بہت بڑا حادثہ ہو جاتا۔انہوں نے کہا کہ کشادگی کی وجہ سے یقینا جموں پونچھ آنے جانے والوں کو بڑی راحت ملے گی، تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس دوران کوئی بڑا حادثہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کشادگی کا کام جب تک چلتا ہے ضروری ہے کہ تب تک احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ سڑک کی کشادگی کا کام دن کے بجائے رات میں کیا جائے تاکہ وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کا خطرہ بھی نہ رہے اور ٹریفک جام سے بھی لوگ نجات حاصل کریں۔