عشرت حسین بٹ
پونچھ// منگل کو جموں پونچھ شاہراہ کو دھندک کے مقام پر بھاری پسی گرنے کی وجہ سے ٹریفک آمد و رفت کے لیے دو گھنٹے تک بند رہنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چار دن کی شدید بارش کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر دھندک کے مقام پر منگل کو بھاری پسی گر آئی جس کی وجہ سے شاہراہ پر دو گھنٹوں تک حکام نے دونوں طرف کی ٹریفک کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا۔ اس دوران شاہراہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں سمیت درماندہ رہے۔ بعد ازاں حکام نے دو گھنٹے تک سڑک سے ملبہ ہٹا کر شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے قابل بنایا ۔بتا دیںکہ پونچھ جموں شاہراہ پر سڑک کی کشادگی کے لیے تعمیر کام حکام کی جانب سے چلایا جا رہا ہے جس کے باعث بارش کی وجہ سے اکثر اوقات شاہراہ پر متعدد جگہوں پر پسیاں گر آتی ہیں۔ ایس ایچ او سرنکوٹ مختار علی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ چار دنوں سے لگاتار بارش کے باعث پونچھ جموں شاہراہ پر سرنکوٹ تک متعدد جگہوں پر منگل کی صبح ہی پسیاں گر آئیں جس سےصبح کے وقت دو گھنٹوں تک سڑک کو ٹریفک آمد ورفت کے لیے بند رکھنا پڑا ۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں متعلقہ سڑک پر کشادگی کا کام کرنے والی کمپنی کی جانب سے مشینری لگائی گئی اور ملبے کو صاف کر کے شاہراہ کو ٹریفک آمد و رفت کے قابل بنایا گیا۔غور طلب بات یہ ہے کہ کمپنی کی ساری مشینری موقع پر موجود ہونے کے باوجو بھی پسی نہیں ہٹائی گئی جسکی وجہ سے ایمبولنس سے منتقل کیے گے مریضوں کو بھی گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔