بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر وقف بورڈ نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت اصلاحی اقدامات کرنے کے لیے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے اسکولوں کے لیے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔ بورڈ نے کہا ہے کہ کلاس دوم تک کوئی ہوم ورک نہیں ہوگا اور نرسری اور UKG.کے لیے اسکول کے بیگ نہیں ہوں گے۔ایک سرکیولر کے مطابق، جس کی ایک کاپی نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (KNO) کے پاس موجود ہے،وقف بورڈ نے اسکولوں کے ذریعہ روزانہ، ماہانہ اور سالانہ ٹائم ٹیبل اور سرگرمیوں کے شیڈول کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔سرکیولرکے مطابق یومیہ ٹائم ٹیبل میں تدریسی مضامین کے لیے 30 منٹ کے 6 پیریڈ (ٹائم سلاٹ) ہوں گے۔ لازمی مضامین کے لیے 5 پیریڈز، جیسے انگریزی، ریاضی، سائنس، سوشل سائنس اردو اور کمپیوٹر، کشمیری، عربی، اسلامیات، صوفی سنتوں کا ادب؛ گردشی بنیادوں پر مضامین کی تدریس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اسکولوں میں لازمی طور پر ہر روز ایک گھنٹہ غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے مختص ہونا چاہیے، جسے دن کے پہلے اور دوسرے نصف حصے میں 30 منٹ کے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر اسکول میں انٹرا اسکول ہم نصابی اور کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ہاؤس سسٹم قائم کیا جائے۔”طلباء کے درمیان تعلق اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے، تمام اسکول کے سربراہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ طلبہ کو چار گھروں میں تقسیم کریں: سینئر بوائز، سینئر گرلز، جونیئر بوائز اور جونیئر گرلز، مشہور صوفی بزرگوں کے ناموں پر حضرت شیخ نور، الدین نورانی ؒ، حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ، حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ اور حضرت شاہ ہمدانؒ۔اس نے مزید کہا کہ سال کے کھیلوں کے کلینڈر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔ “اسی طرح، ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی سال بھر مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ مہینے میں تین دن مکمل طور پر کھیلوں اور ہم نصابی مقابلوں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ ان دنوں کوئی تعلیمی سرگرمیاں نہیں کی جائیں گی۔”ستمبر اور اکتوبر کے مہینے میں، انٹر وقف اسکول مقابلے کرائے جائیں گے ۔ نرسری سے UKG کی کلاسز کے لیے کوئی اسکول بیگ نہیں ہوگا اور نرسری سے دوسری جماعت تک کوئی ہوم ورک نہیں ہوگا۔ اس سلسلے میں اسکول بیگ پالیسی اور NEP-2020 کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ مجوزہ تبدیلیوں پر عمل درآمد کے حوالے سے اسکول کے سربراہوں کے لیے اورینٹیشن پروگرام الگ سے منعقد کیا جائے گا۔