اشفاق سعید
سرینگر// جموں و کشمیر منگل کی رات زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا۔لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر آگئے اور کئی علاقوں میں خواتین اور بچے روتے بلکتے دیکھے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 6.6درج کی گئی۔نیشنل سسمالوجیکل سینٹر آف انڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت 6.6ریکارڈ کی گئی۔ انتہائی شدت کا زلزلہ رات 10بجکر 17منٹ پر پیش آیا، جو کئی سکینڈ تک جاری رہا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ زلزلہ کا مرکز ہندوکش مین افغانستان ترکمانستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ جو187 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ زلزلے کی وجہ سے کسی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے، جو جموں و کشمیر اور شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں میں محسوس کیا گیا۔کشمیر میں زلزلے کے باعث لوگ گھروں سے باہر بھاگتے ہوئے دیکھے گئے۔شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں لوگ گھروں سے باہر آئے۔زلزلہ کے فوراً بعد شہر سرینگر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہوئی جبکہ موبائل سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی۔زلزلہ کے جھٹکے پاکستان،افغانستان،نئی دہلی،چین،ترکمانستان،قزاکستان،ازبکستان،اور کرغستان میں محسوس کئے گئے۔ادھر جموں کشمیر میں کئی مکانوں میں دراڑیں پڑگئیں۔البتہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔زلزلے کے قریب ایک گھنٹے بعد جونہی مواصلاتی نظام ٹھیک ہوا تو موبائل فونوں کی گھنٹیاں بجنے لگیں اور لوگ اپنے رشتے داروں اور دوست و احباب کی خیرو عافیت پوچھنے لگے۔ یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔زلزلے سے اس قدر خوف و دہشت پھیل گئی کہ کوئی بھی شخص گھر میں نہیں رہا بلکہ کافی دیر تک سڑکوں پر رہے۔