عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے لیے شدید ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے پانچ دنوں تک پورے خطے میں خشک اور گرم موسم کی پیش گوئی کی ہے۔اس دوران اگلے دو روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ کشمیر کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ جموں کے میدانی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 46-47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ جموں و کشمیر میں منگل کو شدید گرمی کی لہر جاری رہی، زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے بہت زیادہ بڑھ گیا، جب کہ سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 33.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق، کشمیر اور جموں دونوں ڈویژنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دیکھا گیا، جس سے گرمی سے متعلق ایڈوائزری جاری کی گئی۔سرینگر میں 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو موسمی اوسط سے 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ قاضی گنڈ میں 34.0 (7.3 معمول سے زیادہ)رپورٹ کیا گیا، جب کہ کوکرناگ اور پہلگام میں بالترتیب 32.2 اور 29.2 درجہ حرارت رہا۔ گلمرگ میں 23.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اب بھی معمول سے 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔جموں کے علاقے میں، جموں شہر نے 44.4 کو چھو لیا جو معمول سے 5.6 زیادہ ہے اور اسے مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے گرم ترین علاقوں میں سے ایک بنا دیتا ہے۔جموں و کشمیر میں سانبہ گرم ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت 46.6ڈگری رہا اور سورج آگ اگل رہا تھا۔ کٹرا میں 40.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ بانہال اور بٹوٹ میں 30 سے کم رہا، لیکن اوسط سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا۔اسی طرح لداخ میں، کرگل میں درجہ حرارت 27.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔